#4b3621 #351E10 #FFFFF3 #2B1700

ہم بدل گئے یا زمانہ بقلم ثانیہ شمیم

📖 0
تیزی سے بدلتے زمانے اور لوگوں کو دیکھ کر اکثر یہ خیال ہمیں ستانے لگتا ہے کہ آخر زمانہ بدلا ہے یا ہم لوگ بدل گئے ہیں؟
اگر ہم حضرت آدم علیہ السلام کے وقت کی بات کریں تو اس وقت کیسا زمانہ تھا یہ آپ سب جانتے ہی ہوں گے۔ پھر ہمارے نبی ﷺ کی ولادت سے پہلے اور ان کے اس دنیا میں قدم رنجہ ہونے کے بعد کیسا زمانہ تھا یہ بھی ہم سب بہت اچھے سے جانتے ہیں۔ اور اب ہمارے دور میں زمانہ کیسا ہے یہ تو بتانے کی بالکل ضرورت ہی نہیں ہے۔ ہے نا؟
تو اب چلتے ہیں اس سوال کی طرف جس کے لیے یہ آرٹیکل لکھا جا رہا ہے یعنی زمانہ بدل گیا ہے یا ہم لوگ بدل گئے ہیں۔ تو اس کا جواب میں آپ کو ایک مثال دے کر سمجھانا چاہوں گی۔
جیسے اب ہم کسی برتن میں کوئی سبزی پکاتے ہیں تو آہستہ آہستہ وہ کچی سبزی اپنا اصل روپ کھونے لگتی ہے۔ اور پھر وہ سبزی پکنے کے بعد ایک الگ شکل اختیار کر لیتی ہے تو کیا ہم یہ سوال کرنے لگتے ہیں کہ وہ سبزی بدل گئی یا وہ برتن بدل گیا؟
جس زمانے میں ہم رہتے ہیں وہ بھی اس برتن کی طرح ہوتا ہے اور ہم انسان اس سبزی کی طرح جو جب اس زمانے میں داخل ہوتے ہیں تو (عقل کے کچے) یعنی بہت معصوم ہوتے ہیں پھر ہم پکتے ہیں اور پھر وہ سبزی جیسے اپنے انجام تک پہنچ جاتی ہے اسی طرح ہم انسان بھی اپنے انجام تک پہنچ جاتے ہیں۔ اچھا یا برا۔
یہاں پر ہمیں ایک بات دھیان میں رکھنی ضروری ہے کہ وہ برتن بے جان ہوتا ہے زمانے کی طرح، اور سبزی؟ اس سبزی کو ہم بے جان نہیں کہہ سکتے کیونکہ سبزی زمین میں بیج ڈالنے سے اگتی ہے بالکل انسانوں کی طرح۔
اب سوچنے والی بات یہ ہے کہ اگر ہم کسی بے جان شے کو صبح ایک جگہ رکھ دیں تو ہمارے ہلائے بغیر وہ چیز اپنی جگہ سے ہل نہیں سکتی تو جب کوئی چیز اپنی مرضی سے صبح سے شام تک ہل نہیں سکتی تو یہ زمانہ کیسے اپنے آپ بدل سکتا ہے بھلا؟
کیا زمانے کے ہاتھ پیر ہوتے ہیں؟ نہیں۔ کیا زمانہ بولتا ہے؟ نہیں۔ بالکل بھی نہیں۔
نیوٹن کے پہلے قانون کے مطابق: ”کوئی جسم اس وقت تک اپنی حالتِ سکون میں رہتا ہے یا یکساں رفتار سے سیدھی لکیر میں حرکت کرتا رہتا ہے، جب تک اس پر کوئی بیرونی غیر متوازن قوت عمل نہ کرے۔“
آسان لفظوں میں بتایا جائے تو اس قانون کے مطابق کوئی بھی بے چیز تب تک اپنی حالت میں رہے گی جب تک کوئی اس میں اپنی طرف سے کوئی زور نہ لگائے۔ جیسے اگر بال زمین پر پڑی ہے جب تک کوئی بچہ اس کو لات نہ مارے وہ اپنی جگہ سے ہل نہیں سکتی۔
لیکن جان اور بے جان اشیاء میں ایک بات مشترکہ ہے۔ اور وہ ہے بدلاؤ۔
انسان ہو یا زمانہ دونوں میں بدلاؤ ہونا یقینی بات ہے۔ اب یہ بدلاؤ کیسے ہوگا؟ تو بدلاؤ جو ہوتا ہے وہ انسان اور زمانہ دونوں میں ہو سکتا ہے لیکن ہوگا کب؟ جب اس کی ضرورت پیش آئے گی۔
ظاہر سی بات ہے جب کسی چیز کی ضرورت پڑتی ہے تبھی تو وہ ہوتی ہے فضول میں تو نہیں کرتے نا کچھ؟
تو جب گزرے وقت کے گزرے ہوئے "موجدین اور سائنس دان" لوگوں نے معاشرے میں یہ بات محسوس کی، کہ لوگوں کے لیے زندگی جینا بہت مشکل ہے تو ان لوگوں نے اپنی ذہانت اور شعور کے مطابق ایسے بدلاؤ کرنا شروع کیے جس سے عام لوگوں کے رہن سہن میں آسانی ہو جائے۔
مثال کے طور پر، میں نے اکنامکس کے موضوع میں بارٹر نامی ایک سسٹم کے بارے میں پڑھا تھا جہاں پیسوں کے بجائے ایک چیز کے بدلے دوسری چیز دے کر لین دین ہوا کرتا تھا۔ لیکن اس طرح سے لین دین کرنا بہت مشکل پڑتا تھا یہ تو ضرورت پیش آنے پر پیسہ وجود میں آیا۔
اسی طرح پہلے کے زمانے میں رابطہ کرنا بہت مشکل ہوا کرتا تھا تو سائنس دانوں نے موبائل فون کا ایجاد کیا۔
البتہ یہ الگ بات ہے کہ خطوں سے سلسلہ شروع ہوکر ٹیلیفون تک پہنچا اور اب یہ حال ہو چکا ہے کہ موبائل فون بچے سے لے کر بوڑھے تک کے ہاتھ میں موجود ہے۔ خیر۔
اور پھر اسی طرح ضرورت کے مطابق گزرے زمانہ سے لے کر اب تک ایسی بہت سی تبدیلیاں ہمیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔
اسی لیے پہلے کے زمانے کو خط و کتابت کا زمانہ بھی کہا جاتا ہے اور آج کے زمانے کو تکنیکی زمانہ۔
اب یہ تو ضرورت کے مطابق زمانے میں پیش آنے والے بدلاؤ کو ہم نے یہاں بیان کر دیا لیکن لوگوں کی بات تو کی ہی نہیں؟ تو مسئلہ یہاں پر یہ ہے کہ انسانوں کو سمجھنا بہت ہی مشکل کام ہوتا ہے ہر انسان کی یہ شکایت رہتی ہے کہ کوئی مجھے نہیں سمجھتا ساتھ ہی انسانوں میں بہت سی بری عادتیں بھی موجود ہوتی ہیں ان میں سے ایک ہے اپنی غلطی نہ ماننا اور بعض لوگ تو اپنی غلطی کا الزام بھی دوسروں پر ڈال دیتے ہیں جیسے ابھی اگر ہم دیکھیں تو ہماری ساری باتوں سے ہمیں یہ حاصل ہوا کہ زمانہ نہیں بدلتا بلکہ لوگ بدل جاتے ہیں۔ اور ہم انسان اس کا قصور وار بھی اس بے جان وقت کو ٹھہرا دیتے ہیں۔ سورج کا نکلنا، وقت کی رفتار، موسم میں تبدیلی ہونا آج بھی ویسا کا ویسا ہے لیکن پہلے کے انسانوں میں اور آج کے انسانوں میں واضح فرق دکھائی دیتا ہے۔ جیسے اب لوگ خونی رشتوں سے زیادہ مادی چیزوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ تبدیلی انسانوں میں ہوئی ہے وقت میں نہیں۔
البتہ زمانہ بدلنے کے ساتھ ساتھ انسان بھی بدل گیا ہے۔ جہاں پہلے سہولیات محدود تھے لیکن انسانی تعلقات لامحدود تھے۔ وہیں آج تیزی سے بدلتے ہوئے زمانے نے ہم انسانوں کو بھی اپنے ساتھ بدل دیا۔ اور آج جتنا تیزی سے زمانہ بدل رہا ہے اس سے دوگنی رفتار میں انسانوں کے خمیر بدل رہے ہیں۔ اس بھاگتی دنیا میں جہاں رشتے بے معنی ہو گئے ہیں وہیں انسان بھی اپنے اصل کو بھولتا جا رہا ہے۔ جبکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بڑھتی سہولیات کی بنا پر لوگوں کے دلوں کی زمین بھی مزید کشادہ ہو جاتی۔
اسی کے ساتھ میں اپنے آرٹیکل کا اختتام کرتی ہوں امید کرتی ہوں میرا یہ آرٹیکل آپ لوگوں کو پسند آیا ہوگا دعا میں یاد رکھیے گا اور کوئی کمی بیشی ہوئی ہو تو معاف کر دیجیے گا۔ خدا حافظ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

Qirtaas Publications

From Manuscript to Masterpiece!

A complete Literary Community

Read • Learn • Write • Publish

نموذج الاتصال